مغرب کی ترقی انسانی فلاح کے بجائے بربادی کا ذریعہ بن رہی ہے،لیاقت بلوچ

395

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مغرب کی تعلیم سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی انسانوں کی فلاح کے بجائے مشکلات اور بربادی کا ذریعہ بن رہی ہے ۔مغربی سرمایہ دارانہ اقتصادی نظام اب چلنے کے قابل نہیں ۔ اسلام دین فطرت ہے ۔ اسلام ہی تمام انسانوں کے مسائل کا حل دیتاہے ۔ دینی تعلیم کے ماہرین کی جدید دور میں یہ بڑی ذمے داری اور چیلنج ہے کہ اسلام کے ثقافتی ، سائنسی اور اقتصادی نظام کو دلیل کی طاقت سے پیش کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیت اللہ مکہ مکرمہ میں سعودی عرب میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے وفد سے ملاقات، گفتگو اور سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سعود ی عرب کی جامعات میں دینی تعلیم کا حصول ، تخصص اور پی ایچ ڈی بڑا اعزاز ہے ۔ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات تاریخی اعتبار سے مثالی ہیں ۔ حرمین شریفین کی حفاظت ہر پاکستانی مسلمان اپنی دینی ، ایمانی ذمے داری تصور کرتاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مغربی معاشرہ اور تہذیب زوال پذیر ہیں ۔ انسان امن ، محبت اور خاندانوں کے تحفظ کی تلاش میں ہے ۔ امت مسلمہ کو متحد کرنا ، مشترکات کی بنیاد پر انسانوں کی رہنمائی کرنا اور معاشروں میں ترقی ، استحکام اور ذہنی اطمینان کے پیغام ، اعتماد اور عزم کے لیے اسلامی تحریکوں اور خصوصاً نوجوان طلبہ ، دانشور وں کو یہ فرض ادا کرناہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جموں و کشمیر میں مسلمان بھارت کے مظالم کا ایمانی جذبوں سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ ہندو راج کا تخت الٹے گا ۔ مڈل ایسٹ میں عربی لکھنے کے ماہر طلبہ مسئلہ کشمیر کو پوری توجہ اور تیاری و محنت سے پرنٹ ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کا ٹرینڈ بنائیں ۔