پرائیویٹ اسکولز تعلیم کو کاروبار نہیں خدمت کا ذریعہ بنائیں، حسین محنتی

684
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی عثمان پبلک اسکول کی پوزیشن لینے والی طالبہ کو شیلڈ دے رہے ہیں
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی عثمان پبلک اسکول کی پوزیشن لینے والی طالبہ کو شیلڈ دے رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے تعلیم کو کاروبار کے بجائے خدمت کا ذریعہ بناکر نسل نو کی بہترین تعلیم وتربیت اور ملک کا نام روشن کریں، عثمان پبلک اسکول سسٹم بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے، کراچی تعلیمی بورڈ سے میٹرک سائنس میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ولیہ نور اور دشمن کے جہاز گراکر ملک وقوم کا سرفخر سے بلند کرنے والے بہادر پائلٹ حسن محمود صدیقی جیسے ستاروں کا تعلق بھی اسی تعلیمی ادارے سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں کراچی تعلیمی بورڈ سے میٹرک سائنس میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی عثمان پبلک اسکول سسٹم کی ہونہار طالبہ ولیہ نور کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر طالبہ کو اعزازی شیلڈ وسند بھی دی گئی جبکہ نافع کی طرف سے 31اگست کو طالبہ کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔تقریب میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عبدالغفار عمر،عثمان اسکولز سسٹم کے ڈائریکٹر معین الدین نیئر،ڈائریکٹر کالجز سندھ پروفیسر مراد علی راہموں،پروفیسر اسحاق منصوری،انتصار غوری، فیض احمد فیض ،سعیداحمد صدیقی ،اے ڈی سومرو نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں مختلف تعلیمی ماہرین، اساتذہ کرام اور ولیہ نور کے والدین بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ یہ ملک اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پرحاصل کیا گیا تھا، قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اور قائدؒ کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔ ڈائریکٹر کالجزسندھ پروفیسر مراد علی راہموں نے ولیہ نور کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے اکابرین کا بہتر تعلیمی اداروں کے قیام اور نسل نو کی تعلیمی وفکری تربیت کے حوالے سے کردار قابل تعریف ہے۔ عثمان پبلک اسکول سسٹم جیسے معیاری ادارے ہماری امیدوں کی کرن ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگوںکا بہتر تعلیم کے لیے پرائیویٹ اداروں کی طرف رحجان بڑھ رہا ہے تاہم سرکاری اسکولز وکالجز کی بہتری کے لیے جماعت اسلامی کے اکابرین سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سندھ میں قائم 321کالجز پر 15ارب سے زائد خرچ ہورہے ہیں مگر معاشرے کی عدم توجہی کی وجہ سے مطلوبہ نتائج سے محروم ہیں۔نافع کے ڈائریکٹر فیض احمد فیض نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لیے یہ اعزاز سے کم نہیں ہے کہ اس کے قائم کردہ تعلیمی ادارے سے ایک طالبہ نے پورے بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی، ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کا ہر فیلڈ میں لوہا منوانا چاہیے، اسلام بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے۔