جیکب آباد سول اسپتال کا آپریشن تھیٹر3 ماہ سے بند ،مریض پریشان

151

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) عدالتی احکامات پر کی گئی کھلی کچہریوں میں ہونے والی شکایات کا ازالہ نہ ہوا،جیکب آباد سول اسپتال کا آپریشن تھیٹر تین ماہ سے بند، مریضوں کے آپریشن متاثر۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عدالت کے حکم پر کی گئی کھلی کچہریوں میں ہونے والی شکایات کا ازالہ نہ ہو سکا اور نہ ہی سول اسپتال میں کوئی بہتری آئی ہے، سول اسپتال جیکب آباد کے ایمرجنسی اور ان ڈور وارڈ کے دونوں آپریشن تھیٹر تین ماہ سے بند ہیں جس کے باعث سول اسپتال میں تین ماہ سے نہ ہی کوئی زچگی ہو سکی ہے اور نہ ہی کوئی آپریشن ، اوپی ڈی بند ہونے سے مریضوں کے آپریشن شدید متاثر ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں سول سرجن ڈاکٹر عباس اعوان نے رابطے پر بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ کی او پی ڈی کو گیس کنکشن کاٹ دیا گیا تھا سوئی گیس حکام نے 9 لاکھ روپے کے بقایاجات نکالے ہیں جس کے لیے بالاحکام کو لکھا ہے انڈور کی ایمرجنسی چھت گرنے کی وجہ سے بند ہے جس کی تعمیر کے لیے بلڈنگ حکام آئے تھے جلد اس کی بھی تعمیر شروع ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اوپی ڈی تین ماہ سے بند ہے۔ دوسری جانب سول اسپتال میں قائم فیئر پرائس میڈیکل اسٹور بھی بند کر ادیا گیا ہے جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال میں قائم میڈیکل اسٹورجو دس فیصد رعایت پر مریضوں کو دوا دیتا تھاکو بند کرنے کی مذمت کرتے ہیں، اس وجہ سے رات کے اوقات میں ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ مذکورہ میڈیکل اسٹور ساری رات کھلا رہتا تھا جس سے پورے شہرکے لوگ استفادہ حاصل کرتے تھے لیکن اب اس میڈیکل کو بلاجواز بند کروادیا گیا ہے۔