سکھر سیپکو نے غیر قانونی استعمال ہونے والے 2 ٹرانسفارمر پکڑلئے

176

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف روہڑی اور صالح پٹ میں کارروائی، واٹرسپلائی تالابوں پر دو غیرقانونی طورپر استعمال ہونے والے ٹرانسفارمر پکڑے گئے، کنکشن منقطع دونوں ٹرانسفار مر تحویل میں لے لیے۔ سیپکو سب ڈویژن روہڑی اور صالح پٹ میں بجلی چوروں کیخلاف چھاپا مار کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سیپکو سب ڈویژن روہڑی کے ایس ڈی او عبدالفہیم بالکانی کی قیادت میں ٹیم نے چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے پبلک ہیلتھ روہڑی کے زیر اہتمام غیرقانونی لگائے گئے دو ٹرانسفارمر پکڑے گئے۔ عملے نے دونوں ٹرانسفارمر تحویل میں لیکر واٹرسپلائی کا کنکشن منقطع کردیا۔ دوسری جانب ڈی ایس پی آفس کے قریب لگا ہوا غیر قانونی ٹرانسفارمر بھی تحویل میں لے لیا گیا اور اس ٹرانسفارمر میں لگے 50 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کرکے بجلی کی چوری میں استعمال ہونے والی سیکڑوں میٹر تار بھی ضبط کرلی۔ دوسری جانب روہڑی کے نواحی علاقے صالح پٹ سب ڈویژن میں سیپکو چیف کی جانب سے تشکیل کردہ روہڑی ٹاسک فورس روہڑی ڈویژن کی جانب سے دیدار سولنگی اور زاہد میمن کی قیادت میں ٹیم نے صالح پٹ کے مختلف دیہی علاقوں میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران سیکڑوں ایکڑ زمینوں کو زرخیز کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر لگائے گئے ٹرانسفارمر اور متعدد بجلی سے چلنے والی ہیوی مشینیں بھی پکڑی گئیں۔ سنگرار چونڈکو روڈ آر ڈی 186 رفیق آباد اور گاؤں بھنبھرو اور گاؤں شنبانی میں بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر ٹرانسفارمر اتار لیے گئے جبکہ سنگرار فیڈر سے غیرقانونی ٹرانسفارمر ہٹا کر چھ دکانوں کے غیرقانونی کنکشن منقطع کردیے اور تین غیرقانونی لگائے گئے میٹر بھی پکڑے گئے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او سیپکو سب ڈویژن روہڑی عبدالفہیم بالکانی کا کہنا تھا کہ سیپکو چیف کی ہدایت پر بجلی چوروں کیخلاف بھرپور آپریشن کرنے کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس روہڑی ڈویژن کی چھاپا مار کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ واٹر سپلائی تالابوں پر غیر قانونی طور پر استعمال ہونے والے دو ٹرانسفارمر تحویل میں لے لیے گئے ہیں اور اولڈ واٹر ورکس کی مین بجلی سپلائی کنکشن کو بھی منقطع کردیا گیا ہے جبکہ غیرقانونی طورپر بجلی استعمال کرنے پر پبلک ہیلتھ کو 15 سے 20 لاکھ ڈیڈیکشن بل لگایا جائے گا، انکا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کیخلاف چھاپا مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔