گھارو، منافع خوروں کا راج، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

197

گھارو (نمائندہ جسارت) گھارو شہر میں ناجائز منافع خوروں کا راج، تاجر بے لگام ہوگئے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں من مانے اضافے کردیے، انتظامیہ منظر سے غائب۔ گھارو شہر میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے، ملک بھر میں جہاں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، وہاں گھارو کے تاجروں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اشیائے خورونوش سمیت سبزیوں، فروٹ، مچھلی، مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں من مانے اضافے کردیے ہیں جبکہ قریب ہی دھابیجی غریب آباد مارکیٹ میں یہی اشیا واضح کم نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔ عید قربان پر جہاں کراچی میں ٹماٹر 20 سے 30 روپے میں فروخت ہورہا تھا، گھارو میں یہ ٹماٹر 70 سے 80 روپے میں فروخت ہوا ہے، اس سے ان کی ناجائز منافع خوری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، اسی طرح آٹا، تیل، گھی، دالیں، فروٹ، سبزیاں سمیت مرغی کے گوشت کے نرخوں میں حیرت انگیز طور پر اضافہ کر دیا گیا ہے اور تاجروں نے اب یہ ٹرینڈ ہی پکڑ لیا ہے کہ ڈالر مہنگا ہوگیا ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی تو کاروبار ہورہا ہے۔ شہریوں کے مطابق مہنگائی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تاجروں پر قانون کی گرفت نہیں، انتظامیہ اس معاملے پر آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ گھارو شہر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لیں اور منافع خوروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔