بھارت: گرفتار کانگریسی رہنما نے خود پر الزام مسترد کردیے

160
نئی دہلی: کانگریسی رہنما اور سابق وزیر چدم برم کو عدالت لایا جارہا ہے
نئی دہلی: کانگریسی رہنما اور سابق وزیر چدم برم کو عدالت لایا جارہا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی استغاثہ نے بدھ کے روز گرفتار کیے گئے کانگریس رہنما پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سی بی آئی کے سوالوں کا جواب نہیں دے رہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چدمبرم کو جمعرات کے روز سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے سابق وزیر خزانہ کو 26 اگست تک مرکزی تفتیشی ادارے کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب چدمبرم نے استغاثہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی سوال نہیں،جس کا میں نے جواب نہ دیا ہو۔ تفتیش کار وں نے بیرون ملک میرے بینک اکاؤنٹ کے بارے میں پوچھا،جس کا میں نے انکار کردیا، تاہم بیٹے کے اکاؤنٹ سے متعلق میرا جواب اثبات میں تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق سی بی آئی نے چدمبرم کو 2007ء میں ایک منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا ہے،جس کا تعلق آئی این ایکس میڈیا سے ہے۔ واضح رہے کہ سابق بھارتی وزیر خزانہ اور داخلہ امور چدمبرم سے رشوت کے بدلے غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دینے کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ نئی دہلی ہائی کورٹ سے بدھ کے روز درخواست ضمانت مسترد ہونے پر انہوں نے اپنی گرفتاری سے چند گھنٹے قبل ہی سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی چدمبرم اور ان کے بیٹے کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس کیس میں چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی شامل تفتیش ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر آئی این ایکس سے رقم وصول کی تھی۔