بابر اعظم ٹیسٹ پرفارمنس میں بہتری کے خواہاں

116

لندن (جسارت نیوز)پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین بابراعظم ٹیسٹ پرفارمنس میں بہتری کے خواہاں ہیں،ان کاکہنا ہے کہ محدود اوورز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور طویل فارمیٹ میں ملک کیلیے میچ ونرکاکردار اداکرنا چاہتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق بابراعظم پاکستان ٹیم کے اہم ترین بیٹسمین ہیں۔حالیہ ورلڈکپ میں انہوں نے جاوید میانداد کاایک میگاایونٹ میں زیادہ رنزبنانے کاریکارڈ اپنے نام کرلیا۔بابراعظم اکیس ٹیسٹ میں ایک سنچری اورگیارہ ففٹیزسمیت بارہ سوپینتیس رنزبناچکے ہیں۔باہتر ون ڈے میچز میں ان کے بیٹ سے تین ہزاردوسوتیرہ رنزنکلے۔جن میں دس سنچریز اور پندرہ ففٹیز شامل ہیں۔تیس ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی انہوں نے دس ففٹیز کی مدد سے بارہ سوسینتالیس رنز بنائے۔ بابراعظم انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں سمرسٹ کانٹی کی نمائندگی کررہے ہیں اورایک سنچری اورتین ففٹیزسمیت چارسوچونتیس رنزبناکر سیزن کے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں۔ سمرسٹ کی ویب سائٹ سے انٹرویومیں بابراعظم نے کہاکہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔تاہم ٹیسٹ میچز میں بھی اہلیت ثابت کرنا اورمیچ ونربنناچاہتا ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے میچز میں وہ بڑی اننگ کھیلنے کی کوشش کروں گا۔ان کی خواہش ہے کہ تینوں فارمیٹ میں تسلسل سے اسکورکریں اورپاکستان کی جیت میں بھرپور کردار اداکرسکیں۔انہوں نے کہاکہ کانٹی کھیلنے کاتجربہ شاندار رہا۔ انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی وجہ سے عمدہ پرفارم کرنے میں مددملی۔کوچز اورساتھی پلیئرزبھی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔