رانا ظہیر کوہاکی سینئر ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل کرنے کا فیصلہ

122

لاہور(جسارت نیوز) انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے ہائی پرفارمنس کوچ رانا ظہیر کو قومی سینئر ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہے۔ٹوکیو اولمپک کوالیفائنگ رائونڈ کیلیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 25اگست سے لاہور میں شروع ہورہا ہے، پی ایچ ایف نے خواجہ جیند ہیڈ کوچ، وسیم احمد اور سمیر حسین پر مشتمل کوچنگ پینل کا اعلان کیاتھا۔ اب اس میں رانا ظہیر کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے، جن کی موجودگی میں اس سے پہلے پاکستان کو یوتھ اولمپکس کوالیفائنگ ایشیا کپ اور عمان انڈر 17ٹیم کے دورے پر 2گولڈ میڈل مل چکے ہیں۔2006میں انٹر کلب چیمپیئن شپ میں پاکستان کے بہترین کوچ قرار پانے والے رانا ظہیر موجودہ سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کے ساتھ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور تراسا ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بطور کوچ ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔24برس سے ہاکی کوچنگ سے وابستہ رانا ظہیر ہالینڈ، بھارت اور پاکستان میں ایف آئی ایچ کے تین ہائی پرفارمنس کوچنگ کورس کرچکے ہیں۔ پاکستان وائٹ، انڈر17 اور ویمن ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے رانا ظہیر لاہور میں ہاکی اکیڈمی بھی چلارہے ہیں۔ ان کے زیرتربیت 50سے زیادہ کھلاڑی سینئر، جونیئر ، صوبائی اور مختلف محکموں کی ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں۔