مائیک ہیسن کی عدم دلچسپی، مصباح ہیڈ کوچ کے مضبوط امیدوار بن گئے

137

لاہور(جسارت نیوز) نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے پاکستان کے لیے خدمات سر انجام دینے کے حوالے سے مسلسل عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جانے لگا ہے۔نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پاکستان کے لیے خدمات سر انجام دینے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، رابطے کے باوجود انہوں نے درخواست جمع کروانے کی ضرورت محسوس نہیں کی، مسلسل 6سال نیوزی لینڈ کی کوچنگ کے بعد آئی پی ایل کی فرنچائز کنگز الیون پنجاب کے لیے گزشتہ سیزن میں کام کرنے والے مائیک ہیسن نے بھارتی ٹیم کے ساتھ وابستہ ہونے کے لیے درخواست جمع کروائی لیکن بی سی سی آئی نے روی شاستری کا انتخاب کرلیا جب کہ بنگلا دیش نے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے رسل ڈومینگو کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی ہے۔نیوزی لینڈ میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق مائیک ہیسن نے پاکستان کی جانب سے رابطہ کئے جانے کے باوجود درخواست جمع نہیں کروائی۔ موجودہ صورتحال میں مصباح الحق کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔