قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ مکمل، کیمپ کا آغاز آج ہوگا

292

لاہور(جسارت نیوز) نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہو گئے۔ کھلاڑیوں کا پریکنڈیشنگ کیمپ کا آغاز آج سے شروع ہوگا جو 7ستمبر تک جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ جاری رہے ،سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہو گئے۔ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد رضوان یو یو ٹیسٹ میں پہلے نمبر پر آئے اور انہوں نے 19.2 پوائنٹس اسکور کیے۔اسد شفیق اور شان مسعود دوسرے نمبر پر رہے اور دونوں کھلاڑیوں نے ہی 19.1پوائنٹس اسکور کیے جبکہ کپتان سرفراز احمد اور عابد علی نے بھی یویو ٹیسٹ پاس کر لیا اور بہتری نظر آئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر حسن علی نکاح کی تقریب کی وجہ سے تاخیر سے کیمپ جوائن کر یں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈنے 19اگست سے پری سیزن کیمپ کا اعلان کیا تھا تاہم حسن علی نکاح کی وجہ سے 7روز کی چھٹیوں پر ہیں ،پری سیزن کیمپ کے پہلے 2 روز فٹنس ٹیسٹ کے لیے مخصوص ہیں تاہم حسن علی کیمپ جوائن کرنے کے بعد فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔ 7ستمبر تک جاری رہنے والے اس پری سیزن کیمپ کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری کرنا ہے۔کنڈیشنگ کیمپ میں لیگ اسپنر شاداب خان 22 اگست ، سابق کپتان اظہرعلی 24 اگست اور فاسٹ بولر حسن علی 26 اگست کو شامل ہونگے۔دوسری طرف پی سی بی نے قومی اسکواڈ کا بیک اپ تیار کرنے کیلئے 12ایمرجنگ کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کرلیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ کے بیک اپ کی تیاری کے لیے 12کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کرلیا ہے، 23اگست سے این سی اے میں 2ہفتوں کے کیمپ میں فاسٹ بولر محمد حسنین شریک نہیں ہوں گے، پی سی بی نے انہیں کیربین لیگ کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے۔کیمپ میں مدعو کردہ کرکٹرز میں میں عمر خان، موسی خان، حارث رف، ارشد اللہ، زاہد محمود، محمد جلال محمد اسد، محمد عامر حسین، فیصل اکرم، ارشد اقبال، عاکف جاوید اور احسن جمیل مرزا شامل ہیں۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز پی سی بی مدثر نذر کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کا مقصد قومی اسکواڈ کے لیے بیک اپ تیار کرنا ہے، کیمپ میں شریک تمام کھلاڑیوں کی مہارت میں نکھار لایا جائے گا۔ہائی پرفارمنس کیمپ کے پہلے مرحلے میں قومی انڈر 16کرکٹرز کو ٹریننگ دی گئی تھی، کیمپ کا دوسرے مرحلہ قومی انڈر 19کرکٹرز کی این سی اے میں تربیت پر مشتمل رہا تھا۔