قوم ٹیم کے ہیڈ کوچ کیلیے درخواست دوں گا، مصباح الحق

167

لاہور(جسارت نیوز) قومی ٹیم کے کیمپ کمانڈنٹ اور سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ابھی تک پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست نہیں دی ، کوچنگ سے متعلق صرف افواہیں چل رہی ہیں، ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دوں گا،ابھی تمام تر توجہ کیمپ پر ہے، کوچنگ اورسلیکشن کمیٹی میں سے کسی ایک کومنتخب کرنا پڑا تواس کیلئے استخارہ کرونگا ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے کوچنگ کورس کررکھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کے لیے درخواست کرنے سے قبل وہ کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفی دیں گے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کو کرنا ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جو لڑکے سینٹرل کنٹریکٹ پر ہیں ان پر زیادہ توجہ ہوتی ہے ، ان کا مقصدکھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانا اور اچھے کھلاڑیوں کو پک کرنا ہے جب کہ کپتان کے بارے میں فیصلے کا اختیار صرف بورڈ کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کاانتخاب ڈومیسٹک میچز میں کارکردگی پر ہو گا لیکن سلیکشن میں صرف فٹنس نہیں ٹیم کی ضرورت بھی مدنظر رکھنی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کیمپ سے کھلاڑی بہتر انداز میں خود کو تیار کرسکیں گے،پی سی بی یقینا کپتان کی تبدیلی پر غور کررہا ہوگا اور یہ اختیار کرکٹ بورڈ کے پاس ہیں۔مصباح نے ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر کے لیے ایک ہی شخص کی تعیناتی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ساری ذمہ داری اسی شخص پر عائد ہوگی۔ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ہیڈ کوچ یا چیف سلیکٹر میں سے ایک عہدہ لینا پڑا تو کیا کریں گے۔اس کے جواب میں مصباح نے کہا کہ کوچنگ اورسلیکشن کمیٹی میں سے کسی ایک کومنتخب کرنا پڑا تواس کیلئے استخارہ کرونگا۔