ڈیوس کپ، بھارت کا عالمی فیڈریشن پردبائو بے کار

135

لاہور(جسارت نیوز)انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے معاملے پر بھارت سے بات کرنے سے ایک بار پھر انکار کردیا، اب پاکستان میں نہ کھیلنے پر بھارت کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اس پر تنزلی کے ساتھ جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے جس سے ڈیوس کپ ورلڈگروپ تک رسائی کم ازکم 2022 تک نہ ہوپائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئی ٹی ایف نے 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں شیڈول ڈیوس کپ کی ایشیا اوشیانا زون ٹائی کے لیے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سی ای او مہیش بھوپاتی اور سیکریٹری جنرل ہیران موئے چیٹر جی سے اپنے سیکورٹی کنسلٹنس سے ٹیلی فونک رابطے سے ایک بارپھر معذرت کرلی۔آئی ٹی ایف کا موقف ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کے حوالے سے اس کا فیصلہ بدستور اٹل ہے جب کہ مقابلوں کی نیوٹرل مقام پر منتقلی کی بھارتی خواہش بھی درست نہیں، بھارت نے آئی ٹی ایف کے سخت موقف پر دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے ڈیوس کپ کے مقابلے نومبر اور دسمبر تک ملتوی کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔ڈیوس کپ قوانین کے مطابق اگر میزبان ملک میں جنگ ، سیاسی انتشار ، دہشتگری ہو یا وہاں قدرتی آفت کی صورت میں ہی مقابلے کہیں اور منتقل کیے جاسکتے ہیں۔ گوکہ دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی عروج پر ہے لیکن صورتحال اس سطح پر نہیں پہنچی ہے جن کا ذکر اوپر کیا گیا ہے اس کے باوجود بھارتی ٹینس حکام کے حیلے بہانے جاری ہیں۔