مودی کی امریکا آمد پر احتجاج کیا جائے گا

276
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان قانون سازی سے متعلق اجلا س کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان قانون سازی سے متعلق اجلا س کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز،اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف نے 25ستمبرکو نریندرا مودی کی امریکا آمد کے موقع پر شدید احتجاج کا اعلان کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو بھرپور تیاریوں کی ہدایات جاری کردی ہیں۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے او آئی سی سے متعلق سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکا کے بعد کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ کی جانب سے ان کے امریکا میں قیام اور تنظیمی سرگرمیوں پر وزیراعظم کو مفصل بریفنگ دی گئی۔ اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلیے نیو یارک آنے والے بھارتی وزیراعظم کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعظم نے تحریک انصاف نیویارک کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روندتے ہوئے کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے انسداد پولیو اور احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاق اور صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کے لیے موثر مہم چلائیں۔ وہ انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اعلی سطح کا اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیر اعظم عمران کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد پولیو مہم میں پاک فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ، وزیراعظم کو پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا ۔ بدھ کو ملک میں پولیو کے بڑھتے کیسز کی صورت حال پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا، خیبر پختونخوا و بلوچستان کے وزرائے اعلی، وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان اور چیف سیکرٹریز پنجاب سندھ کے علاوہ بین الاقوامی فلاحی اداروں بل اینڈ میلنڈا گیٹس، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف، کے نمائندے بھی شریک تھے۔اجلاس میں بل گیٹس کی جانب سے لکھا گیا خط بھی پیش کیا گیا جس میں بل گیٹس نے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز کے بڑھنے پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک نکالنا ضروری ہیں ۔ قبل ازیں وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو سہل اور سستے انصاف تک رسائی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور ان کی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وفاقی وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے ملاقات کے دوران کیا۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برآمدات و ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کر کے بیرونی عدم توازن میں کمی کی حکومتی کاوشیں بار آور ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی۔ وزیراعظم کے ٹوئٹ کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 6 ارب ڈالر کم ہوا ہے جبکہ رواں برس ماہ جولائی کا خسارہ گزشتہ برس جولائی کے مقابلے میں 73 فیصد یا 1.5 ارب ڈالر کم ہوا ہے جو یقیناً بہت بڑی کامیابی ہے۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کی اہم سرکاری عمارات اور سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلیے کھولنے اور بروئے کار لانے کے حوالہ سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ خبیرپختونخوا محمود خان، وزیرِ سیاحت عاطف خان، چیف سیکرٹری کے پی محمد سلیم، سیکرٹری سیاحت کامران رحمان اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ بریفنگ میں بتایا کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں واقع 49 ریسٹ ہاؤسز ستمبرسے عوام کو دستیاب ہوں گے۔دوسری جا نب وزیر اعظم عمران خان سے بدھ کو اسلام آباد میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور وزیر برائے ہاوسنگ طارق بشیر چیمہ نے وزیر اعظم آفس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ گورنر سندھ سے ملاقات میں وزیر اعظم نے گورنر کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں مقیم کشمیری برادری سے ملاقات کریں اور کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کریں۔ ملاقات میںکراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعظم ستمبر کے آخری ہفتے میںکراچی میں چار منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان