میئر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے مصطفیٰ کمال چائنا کٹنگ والے کو ٹھیک کرنا پڑیگا،وسیم اختر

157

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر اور سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وسیم اختر کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا تو وہ اپنی ٹرم کے دوران ہی ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ مصطفی کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ چائنا کٹنگ کرنے والے کو ٹھیک کرنا پڑے گا اسے کراچی نے مسترد کیا ہے، اس کے خلاف انکوائری چل رہی ہے، میں تو یہاں ہوں مصطفی کمال تو بھاگ کر چلے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا ہے کہ وسیم اختر کانام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ کراچی کی بربادی کا حساب اس سے لیا جائے، بہت پیسے نکلیں گے، میئر جھوٹ بولتا ہے، اربوں روپے آچکے ہیں، یہ اپنے کمیشن اور چور بازاری کے لیے سب کچھ کر رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں مصطفی کمال نے کہا کہ الطاف حسین کے طلاق کے پیسے کا وسیم اختر کی بیگم سے پوچھا جائے کیونکہ وہ میری ای ڈی او تھی، فائنانس انکے ذمے تھا، جب میئر کہیں بیٹھ کر اختیار کی بات کرتا ہے تو اسکو اسکی وڈیو دکھادی جاتی ہے، یہ کیا اختیار لے گا، مصطفی ٰکمال نے مزید کہا کہ جنرل پرویزمشرف نے وسیم اختر کے خاندان کے فرد کو سزائے موت سے بچایا تھا یہ اسکے بارے میں بتائے اور جتوئی خاندان سے اسکے جھگڑے کا ذکر پھر کروں گا، قسط وار بولنا پڑے گا مجھے ،میں نے بولنا شروع کیا تو میئر کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،عوام ٹیکس چور میئر کو نہ دیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ تینوں حکومتیں کراچی میں ٹِک ٹْوک پر سیلفیاں بنوا رہی ہیں جب کراچی کسی کا کام نہیں تو کیا کراچی والے اقوام متحدہ جائیں؟ ۔قمر جاوید باجوہ جنگی بنیادوں پہ اس مسئلے کو حل کرائیں ۔ مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کے جواب میں وسیم اختر نے فیریئر ہال میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک بدتمیز آدمی میرے خلاف بات کررہا تھا، اب اس شخص کو ٹھیک کرنا پڑے گا۔ مصطفی کمال ہوتے کون ہیں، انہیں اہل کراچی نے مسترد کر دیا ہے، یہ اس شہر سے بھاگ گیا تھا،کراچی کا مسئلہ تو ہم دیکھیں گے، مصطفی کمال کیوں پھدک رہا ہے، کراچی کے کچرے سے نکل جاؤں پھر اس کچرے کو دیکھتا ہوں۔ اسے دبئی سے کان سے پکڑ کرلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں گریڈ4 کا ملازم تھا،اس شخص نے فائل غائب کی اور جھوٹ بول کر الیکشن لڑا، سابق سٹی ناظم نے خود چائنا کٹنگ کے سوا کیا کیا ہے؟۔ بانی ایم کیوایم نے کچا توڑا اور ہمیں بھگتنا پڑا۔مصطفی کمال انگریزی کا ایک لیٹر پڑھ لے تو عمرے کاٹکٹ دوں گا۔ سربراہ پی ایس پی نے ابھی نیب سے معافی مانگی ہے، فرسٹیڈ ہے، اس کو کوئی ٹارگٹ تو چاہیے، مصطفیٰ کمال کے پاس چورن بیچنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔