کشمیر کی جنگ ہماری اپنی بقا کی جنگ ہے، دردانہ صدیقی

129

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے حق کے لیے لڑنا دراصل ہماری اپنی بقا کی جنگ ہے، کیوں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ ہمارے اربابِ اختیار یا تو سو رہے ہیں، یا پھر ان کی دلچسپیاں مختلف ہیںاور وہ ،وہ کردار ادا نہیں کر رہے جو ان کو ادا کر نا چاہیے ۔ ہمارا کام رائے عامہ کو بیدار کرنا ہے اور مظلوم کشمیریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ عالمی برادری اگر جمہوریت کی بات کرتی ہے تو پھر کشمیریوں کو ان کا جمہوری حق دلائے۔ وہ صوبہ سندھ کے تحت کراچی اور اندرون سندھ کے اضلاع کے 2 روزہ رپورٹنگ اجلاس میں شرکا سے گفتگو کررہی تھیں۔ اجلاس میں سالانہ کارکردگی ، رابطہ عوام مہم.، بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی معتمدہ تسنیم معظم اور سیکرٹری اطلاعات صائمہ افتخار نے بھی شرکت کی۔ درانہ صدیقی نے مجموعی طور پر کارکنان کی تعداد میں اضافے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنان کا اخلاص، ان کا حوصلہ قابل تعریف ہے۔دعوتِ دین کی جدو جہد میں شریک ہونے والے ہر فرد کے لیے ہماری کوشش ہو نی چاہیے کہ وہ ہمارا دست و بازو بنے، ہماری ان کوششوں میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہیے۔اور ان افراد کی اخلاقی تربیت اور معاملات کی درستگی تنظیم کی مضبوطی کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دروس میں آنے والی خواتین و بچیوں اور نوجوانوں کو متوجہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر گزشتہ روز انتقال کر جانے والی ناظمہ صوبہ بلوچستان شبانہ اعجازکی تحریکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔