سجاول، صوبائی وزیر کے دورے کو خفیہ رکھا گیا، سب ٹھیک ہے کی بریفنگ

122

سجاول (نمائندہ جسارت) ڈی سی سجاول کی جانب سے صوبائی وزیر اور کمشنر حیدرآباد ڈویژن کے سجاول ضلع کے برسات سے متاثر علاقوں کے دورے کے پروگرام کو عوام اور صحافیوں سے خفیہ رکھا گیا، فقط آفس میں بریفنگ دے کر صوبائی وزیر اور کمشنر کو واپس روانہ کردیا گیا۔ اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ سجاول ضلع میں گزشتہ تیز طوفان اور تیز طوفانی بارشوں کی تباہ کاریوں کے بعد صوبائی وزیر ورکس اور پبلک ہیلتھ شبیر بجارانی اور کمشنر حیدرآباد کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے سجاول پہنچے لیکن ڈی سی سجاول نے ضلع میں بارشوں سے کچھ خاص نقصان نہ ہونے کا جھانسہ دے کر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرانے کے بجائے اپنے دفتر میں بٹھا کر بوگس بریفنگ دے کر سب کچھ ٹھیک ہے کی رپورٹ دے کر ان کو صرف چائے پلا کر واپس روانہ کردیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے کسی بھی وفاقی، صوبائی وزیر یا کمشنر کی آمد پر صحافیوں کو اور دیگر ذرائع سے شہریوں کو مدعو کیا جاتا ہے لیکن ڈپٹی کمشنر ایس ڈی ایم یا ریونیو مختار کار کی جانب سے نہ تو صحافیوں کو دعوت دی گئی اور نہ ہی شہریوں اور تاجروں کو مدعو کیا گیا۔ واضح ہو کہ تازہ ترین بارشوں کے باعث سجاول میں بڑی تباہی آئی ہے اور ضلع سجاول کے سیکڑوں گائوں بارش کے پانی میں ڈوبے اور ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ جبکہ نااہل ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک امدادی کارووائیوں کا نام و نشان تک نظر نہیں آرہا، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔