سلمان شہباز کی جائداد قرقی کیلیے30اگست کی تاریخ مقرر

538

لاہور (نمائندہ جسارت )لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کی جائداد قرقی کے لیے 30اگست کی تاریخ مقرر کردی۔عدالت کے روبرو تفتیشی مقدمہ حامد جاوید اور تعمیل کنندہ عمر دراز نے بیانات ریکارڈ کرائے ‘جس میں انہوں نے کہاکہ سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری کے لیے ان کے گھر ماڈل ٹائون میں 96ایچ میں نوٹس لیکر گئے لیکن سلمان شہباز وہاں موجود نہیں تھے۔ نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ نے عدالت کوبتایاکہ منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو بار ہا طلبی کے نوٹس جاری کیے،سلمان شہباز نے نیب انوسٹی گیشن جوائن نہیں کی،چیئرمین نیب نے سلمان شہباز کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں،سلمان شہباز ملک سے باہر فرار ہو چکے ہیں، لہٰذا عدالت سلمان شہباز کی جائداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے، عدالت نے سلمان شہباز کی جائداد قرق کرنے کے لیے 30اگست کی تاریخ مقرر کردی۔