عارف علوی کی زیر صدارت کامسیٹس یونیورسٹی کے سینٹ کا دوسرا اجلاس

256

اسلام آباد(اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بدھ کو کامسیٹس یونیورسٹی کے سینیٹ کا دوسرا اجلاس ایوان صدر میں منعقد ہوا جس میں مختلف ایجنڈا نکات پر غور ہوا اور اس پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایات کے ساتھ ان کی منظوری دی گئی۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کے ضابطہ کار کی اہمیت اور امور کار کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کے لیے یونیورسٹی سینیٹ پر زور دیا کہ دستوری تقاضوں کے مطابق اجلاسوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔ کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کو 2000ء میں ڈگری عطا کرنے کا چارٹر دیا گیا تھا اور اپریل 2018ء میں اسے کامسیٹس یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا۔ صدر مملکت کامسیٹس یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے ادارے کی اعلیٰ ترین گورننگ باڈی یونیورسٹی سینیٹ کے سربراہ بھی ہیں۔ یونیورسٹی میں بہتر گورننس کو یقینی بنانے کے لیے ذمے داری کے حامل سینیٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے باضابطہ امور کار کی انجام دہی کو زیادہ مستعد اور مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔