بھارت کشمیری مسلمانوں کو دبانے کی کوششیں ترک کرے،آیت اللہ خامنہ ای

424

اسلام آباد (اے پی پی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ مسلم اکثریتی خطے کے عوام کے ساتھ منصفانہ طرز عمل اختیار کرے۔ انہوں نیبھارت کومتنبہ کیا ہے کہ خطے میں کشمیری مسلمانوں کو دبانے کی کوششوں کو ترک کرے اور مسلمانوں سے متعلق شفاف پالیسی وضع کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آیت اللہ علی خامنائی نے ان خیالات کااظہار تہران میں ایران کے صدرحسن روحانی اور کابینہ کے اراکین کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔تاہم انہوںنے امید ظاہر کی کہ بھارتی حکومت کشمیری مسلمانوں کے ساتھ منصفانہ طرز عمل اختیار کرے گی اور انہیں ظلم و تشدد اور دھونس و دبائو سے دبانے سے باز رہے گی۔ایران کے سپریم لیڈر نے خطے میں برطانیہ کی نوآبادیاتی پالیسیوںپر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور اس حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات برصغیر کی تقسیم کے وقت برطانوی حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر میں تنازع کو طول دینے کیلیے برطانیہ دانستہ طورپر خطے میں ایک سلگتا ہوا مسئلہ چھوڑ گیا ہے ۔