جسارت کی خبر پر وزیر بلدیات کاجناح اور کارڈیو اسپتال کا دورہ

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جسارت میں شائع ہونے والی خبر پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے بدھ کے روز جناح اسپتال اور کارڈیو اسپتال کے اطراف کا دورہ کیا۔ ایم ڈی وا ٹر بورڈ اسداللہ خان اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے پانی کی نکاسی کا معائنہ کیا اور سڑک پر پانی پھینکنے والوں کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو متعلقہ افراد کے خلاف تحقیقات اور ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ 3 بڑے اسپتالوں جناح، کاڑڈیو اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ آنے والے مریضوں کو انتہائی مشکلات اور تکالیف کا سامنا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے‘ مریضوں اور شہریوں کی تکالیف کا احساس کیا جائے اور جتنا جلد ممکن ہو پانی کی نکاسی کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ہمراہ زیر تعمیر عمارت کے لیے کھودے گئے گڑھے میں بارش کے جمع شدہ مقام کا دورہ کیا جہاں پر 8 پمپوں کے ذریعے پانی کی نکاسی کا کام جاری تھا اور نتیجے کے طور پر یہ پانی کارڈیو و اسپتال اور اردگرد کی سڑکوں پر جمع ہو رہا تھا۔