جماعت اسلامی کا 78 واں یوم تاسیس 26اگست کو منایا جائیگا

347

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 26 اگست کو کراچی تا کشمور جماعت اسلامی کا 78 واں یوم تاسیس بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق اس حوالے سے کراچی سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے مقامات پر جلسے، مذاکرے، سیمینارز اور اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ جس سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی ، ضلعی و مقامی ذمے داران کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی ، دینی رہنما اور دانشور جماعت اسلامی کی 77 سالہ دینی ،سیاسی وپارلیمانی جدوجہد پر اظہار خیال کریں گے۔ یاد رہے کہ قیام پاکستان سے6 سال قبل جماعت اسلامی کی بنیاد مفکر اسلام مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی قیادت میں 26 اگست 1941ء میں رکھی گئی تھی۔ 75 افراد سے قائم ہونے والا یہ پودا آج تناور درخت اور ایک عالم گیر تحریک کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے جو کہ موروثیت و خاندانی سیاست سے پاک ہے۔ بانی امیر سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒکے بعد دوسرے امیر میاں طفیل، تیسرے قاضی حسین احمد چوتھے سید منور حسن جبکہ موجودہ پانچویں امیر سینیٹر سراج الحق ہیں۔