پی آئی اے نے دبئی اور ابو ظہبی کے کرایے میں اضافہ کردیا

315
فائل فوٹو

پی آئی اے نے دبئی اور ابو ظہبی کے کرایے میں 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا جس کے بعد دبئی کا کرایہ 61 ہزار اور ابوظہبی کا 61 ہزار 200 روپے ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے میڈل ایسٹ کے 2 سکیٹر کے کرایے میں6ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد لاہور سے دبئی کا دوطرفہ کرایہ 55 ہزار سےبڑھا کر 61 ہزار روپے اور لاہور سےابوظہبی کا کرایہ 55 ہزار سے بڑھا کر 61 ہزار 200 روپے ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے دونوں سیکٹر پررش بڑھنے کی وجہ سے کرایے میں اضافہ کیا، ان دونوں سیکٹر پر لیبر اور اقامہ ویزا ہولڈر مسافر زیادہ سفر کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق امسال پی آئی اے کے میڈل ایسٹ کا سب سے ذیادہ کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔پی آئی اے انتظامیہ نے اضافی کرائے کے متعلق ایجنٹس کو آگاہ کر دیا ہے۔

یاد رہے رواں سال مئی میں پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے اچانک کرایوں میں اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے کا لاہور سے کراچی کا کرایہ 14 ہزار سے بڑھ کر 31 ہزار تک تجاوز کرگیا تھا۔اس کے علاوہ ائیربلیو کا لاہور سے کراچی کا ٹکٹ 32 ہزار پانچ سو روپے میں فروخت ہونے لگا، سیرین ائیر کا لاہور سے کراچی کا دو طرفہ کرایہ 39 ہزار پانچ روپے تک پہنچ گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھاکہ دو ماہ ماہ قبل لاہور سے کراچی کا ائیر ٹکٹ 14 ہزار سے 17 ہزار روپے اور لاہور سے کراچی ریٹرن ٹکٹ تقریبا 28 ہزار روپے میں میسر تھا۔