وزیر خارجہ کا ڈینش ہم منصب کو فون، مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر گفتگو

292

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ڈینش وزیر خارجہ جیب کوفوڈ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ڈینش ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے حوالے سے ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا، اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو مسلسل کرفیو کے ذریعے محاصرے میں لے رکھا ہے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں روزافزوں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  ہندوستان کے  یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں،  اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل اور سیکورٹی کونسل نے اس صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔

ٹیلیفونک گفتگو میں ڈینش وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  ہم اس بات سے متفق ہیں کہ دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، ڈینش وزیر خارجہ نے کہا وہ اس تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے تمام تصفیہ طلب امور کو مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔