پی سی بی کا نیا آئین 19 اگست سے نافذ العمل ہوگا

506

لاہور: پی سی بی کو کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے آئین 2019 کی منظوری کا نوٹیفکیشن موصول ہوگیا ، نیا آئین 19 اگست 2019 سے نافذ العمل ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو کو کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے آئین 2019 کی منظوری کا نوٹیفکیشن موصول ہوگیا جس کے تحت باقائدہ فیصلے 19 اگست 2019 سے نافذ ہونگے۔تاہم پرانے سے نئے آئین میں عبوری انتظامات آئین کی شق نمبر 49 میں مقرر کیے گئے ہیں۔

نئے بورڈ آف گورنرز( بی او جی ) میں 3 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور شامل ہوں گے، جن کیلئےروٹیشن پالیسی کا اعلان بھی  جلد کردیا جائے گا،بی او جی کے دیگر اراکین میں 4 آزاد ڈائریکٹرز ہونگے جبکہ1 خاتون کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔

پیٹرن کے مطابق 2 نامزد اراکین بھی بی او جی کا حصہ ہوں گے۔

سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ(آئی پی سی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز میں بطور غیرفعال رکن شامل ہوں گے۔ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور آزاد ڈائریکٹرز کے مجموعی طور پر 7 میں سے 4 اراکین کی شمولیت تک موجودہ بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کام جاری رکھے گا۔

نئے آئین میں 16 ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کردیا گیا ہے جن میں کرکٹ ایسوسی ایشنز میں بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن، سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن،خیبر پختون خواہ ایسوسی ایشن، ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن، سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن اور سدرن کرکٹ ایسوسی ایشن کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔

نئے آئین میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے تبدیل کردیا جائے گا، کرکٹ ایسوسی ایشنز اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز اپنے اپنے ماڈل آئین کے تحت کام کریں گے۔ تمام ماڈل آئین پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز سے منظور شدہ ہوں گے۔

گیارہ رکنی پی سی بی جنرل باڈی میں چیئرمین پی سی بی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور، صدر بلائنڈ کرکٹ کونسل اور صدر ڈیف اینڈ ڈمب کرکٹ ایسوسی ایشن شامل ہوں گے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر جنرل باڈی کے غیر فعال اراکین ہوں گے جبکہ چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات علیحدہ کردئیے گئے ہیں۔