مقبوضہ کشمیر  :کرفیو کا 17 واں روز ، مزید 2 نوجوان شہید، 6 ہزار گرفتار

257

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا 17 واں روز ، بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ 40 نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائی کے نتیجے میں کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے جبکہ بھارت افواج و حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا  تاہم کرفیو لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 6 ہزار سے زیادہ کشمیری گرفتار کیے جا چکے ہیں جنہیں جموں  کشمیر کے جیلوں یا بھارت کے دور دراز علاقوں میں قید کرکے رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب گرفتار نوجوانوں سے ملنے والدین پولیس سٹیشن کے باہر بے بسی کی تصویر بنے کھڑے ہیں۔ بھارتی انتظامیہ نے اسکول کھولے ہیں لیکن والدین انہیں گھروں ہی میں پڑھا رہے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کشمیر میں پتھراؤ کے 2 درجن واقعات پیش آئے ہیں، پیلٹ گن اور آنسو گیس سے 8 کشمیری زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ  بھارتی فوج نے حریت قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق سمیت  کٹھ پتلی رہنما فاروق عبد اللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو گھروں اور جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے۔