بھارت کی آبی جارحیت کے خلاف ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں،جماعت اسلامی

159

کراچی/جامشورو(نمائندگان جسارت)جماعت اسلامی پاکستان مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت کی آبی جارحیت کے سدباب کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں فوری طور پر پورے ملک خاص طور پر سندھ کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیاد پر تیاری کریں،کشمیر تاریخی وجغرافیائی طور پر سندھ کا حصہ ہے یہ بھارت کا کبھی بھی حصہ نہیں رہا ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شدید خلاف ورزی اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، لہٰذا مودی حکومت کے خلاف ایک مؤثر وجارحانہ سفارتی سرگرمیوں کی اشد ضرورت ہے جبکہ حکومتی پالیسی مبہم وسرد مہری کا شکار ہے جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی اور رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے ساتھ تھانہ بولا خان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے متعلق کافی عرصہ پہلے اطلاعات کے باوجود صوبائی وشہری حکومتوں نے اس سے نمٹنے میں غفلت برتی جس کے نتیجے میں کراچی سمیت پورے صوبے کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہری وصوبائی حکومتیں ایک دوسرے پر الزامات لگاکر وقت گزارنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔صوبائی امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا کہ کوہستان کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں ، یہاں پر ترقیاتی کام وروزگار کے مواقع فراہم کرکے عوام کو مشکلات سے نکالا جائے، پیٹرول، تیل، کوئلے سمیت معدنیاتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود دیانتدار قیادت نہ ہونے کی وجہ سے کوہستان سمیت سندھ کے عوام غربت وافلاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں، کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر عالمی ضمیر کو نوٹس لینا چاہیے اور کرفیو کو فوراً ختم کیا جائے تاکہ شہری زندگی بحال ہوسکے، بھارت کی 10 لاکھ فوج نے کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے اس لیے اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ نہ صرف بھارتی جارحیت کا خاتمہ ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت اور مشرقی تیمور،جنوبی سوڈان کی طرح ریفرنڈم کرکے آزادی کی نعمت سے مالا مال کیا جائے۔ رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ کوہستان میں خوشحالی لانے کے لیے پانی کے ذخائر کو جمع کرکے ڈیم بنایاجائے،کوہستان سمیت سندھ میں تعلیم کا نظام زبوں حالی کا شکار ہے، تھر اور کوہستان کے عوام خوراک کی کمی اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،حکومت کا فرض ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی میں اکیلا ایم پی اے ہونے کے باوجود سندھ کے عوام کی آواز بن کر ان کے مسائل کو اجاگر کیا ہے، اب میں نے خود کوہستان کے مسائل کا مشاہدہ کیا ہے ان شاء اللہ اس صورتحال پر اسمبلی میں آواز اٹھاکر حکمرانوں کو متوجہ کروں گا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،امیر ضلع جامشورو حافظ محمد صالح بھرٹ، امیر ضلع حیدرآباد طاہرمجید، جے آئی یوتھ کے رہنما ڈاکٹر امتیاز پالاری سمیت دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
اسد اللہ بھٹو