بھارت کیخلاف پاک فوج کا بھر پور ساتھ دیںگے،راشد محمود سومرو

148

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جہاں بھارت نے بربریت کی تمام حدوں کو پار کردیا ہے۔ اگر بھارت پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو جمعیت کا ہر کارکن فوج کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ جے یو آئی جمہوریت کو بچانے کیلئے میدان عمل میں ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں میڈیاسے گفتگو کررہے تھے۔ راشد محمود
سومرو نے کہاکہ مودی کی کامیابی کیلیے ہمارے وزیراعظم نے دعائیں مانگی تھیں ان کا کہنا تھا کہ مودی کی کامیابی کشمیر کے مسئلے کا حل ہوگی لیکن اب کشمیر پاکستان کے ہاتھوں سے نکل رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے ،ڈالر تاریخ کی اونچی اڑان بھررہاہے ، کروڑوں گھر اور ملازمت دینے کا دعویٰ کرنے والی حکومت میں لوگوں سے جینے کاحق بھی چھین لیا ہے۔ جے یو آئی نے حکمرانوں کو مستعفی ہونے کیلیے اگست تک کا وقت دیا ہو اہے ، ستمبر میں اسلام آباد میں مارچ ہوگا جس میں 50لاکھ سے زاید شامل ہونگے اور یہ مارچ حکمرانوں کے گھر جانے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ فوج سیاست کے معاملات میں مداخلت کرتی ہے ہم نہیں چاہتے کہ ہم فوج کے معاملات میں مداخلت کریں۔ مولانا فضل الرحمن جب تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے اس وقت تک کسی مائی کے لال نے کشمیر کا سودا نہیں کیا ، عوامی طاقت سب سے مضبوط ہوتی ہے اس کے آگے کوئی طاقت نہیں ٹھہرسکتی۔
راشد محمود سومرو