حکومت اور اپوزیشن کھوٹے سکے کے دو رُخ ہیں ، مشتاق احمد خان

137

پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ہم حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہی کھوٹے سکے کے دو رُخ سمجھتے ہیں ۔ ان سے بہتری اور تبدیلی کی امید خود فریبی ہے۔ اپوزیشن میں شامل بڑی جماعتیں پیپلز پارٹی اور نون لیگ اصل میں اپنی کرپشن چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کارکردگی خطابات اور ٹوئٹس کی حد تک بہترین ہے ، وزیراعظم نے ایک سال میں سب سے زیادہ خطابات کرکے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ موجودہ حکومت ورچول حکومت ہے، سائبر دنیا میں تو اس کا وجود ہے لیکن زمین پر موجود نہیں۔ ٹوئٹس اور خطابات سے نہ عوام کا پیٹ بھرتا ہے نہ ملک کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ہری پور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ہری پور کے امیرغزن اقبال ، عبدا لصبور یوسفی سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت نے بلند بانگ دعوے کیے اور سبز باغ دکھائے لیکن ایک سال میںڈالر سمیت ہر ضرورت کی ہر چیز مہنگی ہوئی۔ آئی ایم ایف مارکہ معاشی پالیسی کی وجہ سے عملاً ملکی معیشت کی موت واقع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیز کی وجہ سے ایک ہی سال میں پورے ملک میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا سیلاب آیا ہے۔ ایک سال میں پیٹرول 95 سے 118، ڈالر 119 سے 160، ملکی قرض 30ہزار ارب سے 37 ہزار ارب، بجلی 9 روپے یونٹ سے 15 روپے یونٹ، سیمنٹ 430 سے 620 روپے بوری، کھاد 1650 سے 2100 روپے فی بوری، سونا 54000 سے 89000 روپے فی تولہ، سی این جی کی قیمت 94 سے 138 روپے فی کلو اور چینی کی قیمت60 سے 80 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 44000 سے گر کر 28000 پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بدترین قدغن لگائی گئی ہے۔ میڈیا کے کارکنان اور اداروں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ پریس کا گلہ گھونٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں عملاً خاموش مارشل لا نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کے نام پر انتقام لے رہی ہے۔ حکومت اپنے چوروں کو اسمبلیوں میں بٹھا کر صرف اپوزیشن کے چوروں کو احتساب کررہی ہے۔ قوم کے ٹیکسوں کے پیسوں سے وزیر اعظم کی ذاتی رہائش گاہ پر 215سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
مشتاق احمد خان