خواتین بھی آزادی ٔ کشمیر مارچ کامیاب بنانے کیلیے متحرک ہوجائیں، حافظ نعیم

181

کراچی (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ خواتین بھی آزادی ٔ کشمیر مارچ کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے فوری طور پر متحرک ہو جائیں اور خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنائیں ۔جماعت اسلامی کے تحت یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والا ’’آزادی ٔکشمیر مارچ ‘‘ پوری دنیا کو پیغام دے گا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ۔پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ دینا ہو گی اور مودی سرکار کو کشمیریوں پر مظالم سے روکنا ہو گا ، مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل سے ہی اس خطے میں امن وابستہ ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مظلوم نہتے کشمیریوں کے تحفظ کے لیے مسئلے کو بھر پور اور مؤثر طریقے سے عالمی سطح پر اُٹھانے اور آزادی ٔ کشمیر کی تحریک کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ضرورت ہے ۔ ہماری حکومت اور ریاست کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اب پیش قدمی کرنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کے اجتماع ارکان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین) دردانہ صدیقی ،ڈپٹی سیکرٹری آمنہ عثمان اور ناظمہ کراچی اسما سفیراور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اجتماع ارکان میں حلقہ خواتین صوبہ بلوچستان کی ناظمہ شبانہ اعجاز کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس بھی منعقد ہوا اور دعائے مغفرت کی گئی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خواتین ارکان سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی بھی تحریک اور جدوجہد میں خواتین کا کردار اہم ہو تا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور آزادی کی جدو جہد میں خواتین نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور تحریک کو آگے بڑھایا ہے ۔ بھارتی غاصب افواج نے جہاں ایک طرف نوجوانوں ، مردوں ، بچوں اور بزرگوں کو تہہ تیغ کیا ہے وہیں خواتین کی بے حرمتی اور آبرو ریزی بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود بھارت کشمیری خواتین ، نوجوانوں ، بچوں اور بزرگوں کو جھکنے اور بھارت کے قبضے کو تسلیم کرنے پر مجبور نہیں کر سکا ہے ۔ حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور ریاستی جبر و تشدد کا جو نیا سلسلہ شروع ہوا ہے اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ قرار دیا ہے ۔ اس تناظر میں آزادی ٔ کشمیر کی تحریک اور کشمیریوں کی پہلے سے زیادہ حمایت اور سیاسی و سفارتی اور اخلاقی سطح پر مدد کی ضرورت ہے ۔ حکومت پر عوامی دبائو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کے لیے بھی ایک عظیم الشان غزہ ملین مارچ کیا تھا جس میں کراچی کے شہریوں نے جوق درجوق شر کت کی تھی ، کراچی کے شہری اب آزادی ٔ کشمیر مارچ میں بھی بھر پور شر کت کر کے ثابت کردیں گے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے امت مسلمہ کے سلگتے ایشوز اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کی ہے ۔ کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ سمیت بلدیاتی اداروں کی نا اہلی اور صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کے خلاف عوام کی ترجمانی کی ہے اور عوام کو ریلیف دلانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے ۔ کراچی کی اونر شپ لے کر آگے بڑھے ہیں، ہماری تحریک اور جدو جہد جاری رہے گی ۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے ناظمہ صوبہ بلوچستان شبانہ اعجاز کی تحریک کے لیے خدمات کو سراہااور کہا کہ مرحومہ نے بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں انتہائی مشکل حالات میں بھی دین کی دعوت اور خدمت کا کام کیا۔ان کی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ان کی یادیں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
حافظ نعیم الرحمن