پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ

155

لاہور (جسارت نیوز)ملک میں دم توڑتی کلب ہاکی کی بحالی کے لئے پی ایچ ایف کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ ملک بھرمیں مجموعی طور پر 1144 ہاکی کلب ہیں جن میں سے 605 رجسٹرڈ ہاکی کلبز ہیں۔ پنجاب میں 375 رجسٹرڈ ہاکی کلبز ہیں جبکہ سندھ میں 67 ، خیبر پختونخوا میں 126، بلوچستان میں 25 اور اسلام آباد میں 12 ہاکی کلبز رجسٹرڈ ہیں۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ کے بعد ریجنل اور پھر صوبائی سطح پر کلب ہاکی مقابلے کروانے کی حکمت عملی بنارہے ہیں،کوشش کررہے ہیں کہ کلب کی سطح پر ہاکی کو فروغ دیاجائے۔تمام صوبائی ایسوسی ایشنز کے سیکرٹریز کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے انعقاد پر رابطہ کررہے ہیں۔آصف باجوہ نے مزید کہا کہ لاہور میں کلب ہاکی کے فروغ کیلئے ٹاؤن ہاکی لیگ کرانے کی حکمت عملی بنالی ہے ،ٹاؤن ہاکی لیگ کے انعقاد کیلئے مختلف اسپانسرز سے بھی بات کررہے ہیں۔