سافٹ بال ایشیا پاکستان کوچنگ کلینک ، مائیکل ایلن رینی کراچی پہنچ گئے

133

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سافٹ بال ایشیا پاکستان کوچنگ کلینک میں شرکت کے لئے ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کے سینئر انسڑکٹر مائیکل ایلن رینی کراچی پہنچ گئے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سافٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم، نائب صدر ذیشان مرچنٹ و دیگر عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے مائیکل رینی سافٹ بال کوچنگ میں35 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، پاکستان آمد سے قبل وہ دنیا کے52 ممالک میں کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مائیکل رینی نے کہا کہ سائوتھ ویسٹ ایشیا میں پہلی بار کوچنگ کے لئے آیا ہوں اور پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سافٹ بال کی کوچنگ اس خطے میں میرا پہلا اسائمنٹ ہے یہ ملک کھیلوں کے حوالے سے اپنا ایک مقام رکھتا ہے، امید ہے کہ کوچنگ کلینک پاکستانی کوچز کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ مائیکل رینی نے کہا کہ سافٹ بال ایشیا کوچنگ کلینک پاکستانی کوچز کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو کہ مستقبل میں اس کھیل کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔