نکاح کا مقصد اللہ کا پیغام دنیا میں پھیلانے والی نسل تیار کرنا ہے،عبدالغفار عزیز

259
کراچی :نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی پوتی ندیم اقبال کی بیٹی کا نکاح پڑھا رہے ہیں ، دوسری جانب سید منور حسن نعمت اللہ خان کو مبارکباد دے رہے ہیں پیچھے ندیم اقبال اور دولہااحباب کے ساتھ کھڑے ہیں
کراچی :نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی پوتی ندیم اقبال کی بیٹی کا نکاح پڑھا رہے ہیں ، دوسری جانب سید منور حسن نعمت اللہ خان کو مبارکباد دے رہے ہیں پیچھے ندیم اقبال اور دولہااحباب کے ساتھ کھڑے ہیں

کراچی(اسٹاف رپووٹر) کراچی کے پہلے سٹی ناظم سابق امیر جماعت اسلامی کراچی نعمت اللہ خان کی پوتی ند یم اقبال ایڈووکیٹ کی بیٹی طاہرہ ندیم خان کا نکاح منیب احمد مفتی کے ساتھ کراچی میں انجام پایا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر عبدالغفار عزیزنے نکاح پڑھایا اور خطبہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اللہ نے نکاح کو محض 2 افراد مرد وزن کے ملنے یا نئے خاندان کے آغاز کاذریعہ نہیں بنایابلکہ اس کا مقصد اللہ کا پیغام دنیا میں پھیلانے کے لیے ایک نقطہ آغازہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے عورت کو جو بلند مرتبہ عطا کیا ہے ، اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوت ملنے سے 15 برس قبل آپ کا نکاح حضرت خدیجہ سے ہوا، کوئی اسوقت سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ آپؐ کو نبوت ملے گی اور حضرت خدیجہ سب سے پہلے تصدیق کریں گی ۔ انہوں نے اسلامی معاشرے میں عورت کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ گھر کے کام کاج اور باہر کی تقسیم ضرور ہے لیکن اصل بات دین کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنا ہے۔ انہوں نے نکاح کے مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مثال فلسطین سے لے سکتے ہیں جہاں ہر مرد اور عورت کا مقصد نکاح یہ ہوتا ہے کہ ایسی نسل چھوڑ کر جائیں جو قبلہ اوّل کو یہود کے پنجے سے آزاد کرانے کے جذبے سے سرشار ہو ،ہمیں بھی نکاح کی برکتوں ، ایمان کی تکمیل اور سنت کی پیروی کے ساتھ اس ملک میں نفاذ اسلام کی جدو جہد کرنے والی نسل چھوڑ کر جانے کی فکر ہونی چاہیے ۔اس تقریب میں احباب اور رشتہ داروں کے علاوہ سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن ، نعمت اللہ خان، ندیم اقبال،تنظیم اسلامی کے سلیم احمد، ڈاکٹر الیاس اور سلمان اشرف، تحریک اسلامی کے ڈاکٹر زاہد کے علاوہ کیپٹن( ر) حلیم، جے یو آئی کے رہنما قاری عثمان، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی مسلم پرویز، یونس با رائی،صدر فاران کلب غیور ہاشمی ، ممتاز صنعتکار احتشام الدین ، محمد علی ، عامر رزاق ٹیسٹی، ٹی وی اینکرانیق احمد، ایڈیٹر نئی بات مقصود یوسفی، سینئر صحافی نصیر سلیمی، ایڈیٹر جسارت مظفر اعجاز ، نائب قیم کراچی سیف الدین ، نائب امیر برجیس احمد ، سابق رکن قومی اسمبلی لئیق خان، لیاقت عبداللہ ، ملک نعیم عابد اختر رکن الدین گروپ ، معروف قانون دان راجا قاصد نواز، پروفیسرہارون رشید شکیل ہاشمی، ڈاکٹر ثاقب انصاری ، راشد قریشی اور راجا عارف سلطان بھی شریک تھے۔