حکومت نے اپوزیشن کی گرفتاریوں کے سوا کچھ نہیں کیا، سعد رفیق

205

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ معیشت آئی سی یو میں آخری سانسیں لے رہی ہے، بے روزگاری عروج پر ہے اور حکومت اپوزیشن کی گرفتاریوں کے سوا اور کچھ نہیں کر رہی، کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کو ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ منگل کے روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت کی حالت ایسی ہے جیسے کوئی مریض آئی سی یو میں آخری سانسیں لے رہا ہوتا ہے کیونکہ ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے اور فیکٹریوں کو بند کیا جا رہا ہے ،حکومت نے صرف اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور ایک سال میں حکومت نے گرفتاریوں کے سوا اور کچھ بھی نہیں کیا۔