تاجروں کا اجناس کے ٹرک،سوزوکی لوٹنے کے واقعات پر احتجاج

198

کراچی( اسٹاف رپورٹر)دالوں،چاول،چینی، مصالحہ جات،گندم و دیگر اجناس کے تھوک تاجروں،درآمدکنندگان وبرآمدکنندگان کی نمائندہ کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن(کے ڈبلیو جی اے)کے سرپرست اعلیٰ انیس مجید، چیئرمین ملک ذوالفقار ،سینئر وائس چیئرمین راجہ آسر مل نے اجناس کے ٹرک اور سوزوکی لوٹنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے کریم آباد پل پر چالوں سے لدی سوزوکی لوٹ لی اور باآسانی فرار ہوگئے ۔سوزوکی میں چاول کے 25کلو کے 80بیگ لوٹے گئے جس کی ایف آئی آر گلبرگ تھانے میں درج کروادی گئی ہے۔کے ڈبلیوجی اے کے رہنماؤںنے چاولوں کے بیگ سے لدی سوزوکی لوٹے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا مال برآمد کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ مسلح افرادنے دن دیہاڑے لوٹ مار کو معمول بنا لیا ہے اور انہیں کوئی پکڑنے والا نہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹیکسوں کی بھرمار اور معیشت کی ابتر صورتحال میں کاروبار کرنا پہلے ہی مشکل ہوگیا ہے او راب لوٹ مار کے بڑھتے واقعات کے بعد تاجرتباہ وبرباد ہوجائیں گے۔کے ڈبلیوجی اے کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ اور کراچی پولیس چیف سے مطالبہ کیا کہ لوٹ مار کے واقعات سے بچانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کرتے ہوئے تاجروں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔