حکومت کا پہلاسال: 9ارب ڈالر سے زائد قرضوں اور سود کی مد میں اداکیے

138

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے سال نو ارب ڈالر سے زائد قرضوں اور ان پر سود کی مد میں اداکیے جبکہ مجموعی طورپر پاکستان کودس ارب اٹھارہ کروڑ ڈالرز بیرونی ذرائع سے ملے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ایک سال کی معاشی کارکردگی پر رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال میں حکومت نے 9ارب10 کروڑڈالر قرضوں کی مدمیں اداکیے، اس رقم میں سے سات ارب ڈالرسے ز ائد کی رقم اصل قرض کی مدمیں ادا کی گئی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال مجموعی طور پر پاکستان کودس ارب اٹھارہ کروڑڈالرز بیرونی ذرائع سے ملے۔اس رقم میں سے نو ارب پچاسی کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالرقرض اورتینتیس کروڑ ڈالر کی گرانٹس شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا حکومت کو ملٹی لیٹرل مالیاتی ادروں سے دوارب گیارہ کروڑ بیس لاکھ ڈالرز ملے، بائی لیٹر ل ذرائع سے ایک ارب ستانوئے کر وڑ سترلاکھ ڈالرز حاصل ہوئے، فارن کمر شل بینکوں سے چارارب نوے کروڑ ڈالر کا قرضہ لیاگیا جبکہ چین نے دو ارب ڈالر ڈیپازٹ کروائے۔معاشی ماہرین کاکہنا ہے پاکستان کو آئندہ تین برسوں میں مختلف بیرونی ادائیگیوں کے لیے پچپن سے ساٹھ ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر 88 ارب 19 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر کے غیر ملکی قرضے ہیں، 6 مالی سال کے دوران 26 ارب 19 کروڑ ڈالر سے زائدکا قرض لیا گیا جبکہ 2018 سے لے اب تک پاکستان پر4 ارب 55 کروڑ ایک لاکھ 54 ہزار امریکی ڈالر قرض ہے۔