سائٹ ایسوسی ایشن کو ماسٹر پلان کے تحت فنڈز فراہم کریں گے، علی زیدی(4کالم)

159

کراچی( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیربحری امور سید علی حیدر زیدی نے کراچی کے صنعتی علاقوں کی حالت زار بہتر بنانے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری سے کہا ہے کہ وہ ماسٹر پلان تیار کرے جومشیرتجارت ،ٹیکسائل ،صنعت و پیداواررزاق داؤد کو پیش کیا جائے گا جس کے بعد انہیںبراہ راست فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ از خود اپنے صنعتی علاقے کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام کرسکیں ۔یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی ۔اس موقع پر بی ایم جی کے سرپرست اعلیٰ سراج قاسم تیلی،سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا،ایسوسی ایشن کے صدرسلیم پاریکھ،نائب صدر نوید واحد،سابق صدور جاوید بلوانی،یونس ایم بشیر کے علاوہ ممبران کی بری تعداد اجلاس میں شریک تھی۔وزیربحری امور نے صنعتکاروں کی جانب سے سائٹ لمیٹڈ کو سائٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کی تجویز پر کہا کہ وہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کراچی کے بہتر ترین مفاد میں صنعتکار برادری کی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ’’صاف کراچی‘‘ مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ’’ نیم اینڈ شیم‘‘ سلوگن کے تحت کراچی میں گندگی پھیلانے والوں کے نام عوام کے سامنے تشہیر کیے جائیں گے تاکہ انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایاجاسکے۔اس موقع پر بی ایم جی کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کہاکہ سیاستدانوں کے ساتھ تاجروصنعتکار برادری بھی قصور وار ہے جو سچ نہیں بولتی اوراب غلط کو غلط کہنے کا وقت آگیا ہے ۔انہوں نے سائٹ لمیٹڈ کی کارکردگی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سائٹ لمیٹڈ کو سائٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کردیا جائے پھرہم بتائیں گے کہ کام کیسے ہوتا ہے۔سندھ ریونیو بورڈ میں کراچی 97فیصد ٹیکس دیتا ہے مگر بدلے میں اس شہر کو کچھ نہیں ملتا اگر ہم ٹیکس دینا بند کردیں توسندھ کا 97فیصد ریونیو بند ہوجائے گا۔سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے کہاکہ سائٹ میں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں ،فیکٹریوں تک پہنچنا دشوار ہے ان حالات میں فیکٹریاں کیسے چلائیں۔انہوں نے کہاکہ صنعتکار برادری تھک چکی ہے لوگ ملک سے باہر جارہے ہیں۔کراچی کی انڈسٹری2200ارب روپے دیتی ہے لیکن پھر بھی کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرتے ہوئے کاروبار کرنے کو آسان بنایا جائے۔سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پاریکھ نے کہاکہ سائٹ لمیٹڈ کوہم ہر ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔