میرپور خاص، ’’ہر بشر دو شجر‘‘ کے عنوان سے شجرکاری مہم کا افتتاح

159

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص غلام حسین کانہیوں نے کہا ہے کہ درخت لگانا زمین سے پیار کا اظہار ہے، درخت گرمی میں چھاؤں، سردی میں ٹھنڈ سمیت سیلاب اور زلزلے سے بچانے کا اہم ذریعہ ہیں ،درختوں کی کمی سے ہمارے جسم میں مختلف قسم کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بیماریوں سے محفوظ کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے چاہییں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات سندھ میرپور خاص کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر کمشنر کمپلیکس میرپورخاص میں ’’ہر بشر دو شجر‘‘ کے عنوان سے شجرکاری مہم کے دوران پودا لگا کر مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول دینا چاہتے ہیں تو پودے لگا کر ان کو نقصان سے بچانا ہوگا۔ اس موقع پر رینج فاریسٹ آفیسر احمد خان، انفارمیشن آفیسر غوث محمد پٹھان اور دیگر نے بھی پودے لگائے۔ اس موقع پر رینج فاریسٹ آفیسر احمد خان نے کہا کہ محکمہ جنگلات سندھ اور سوشل فاریسٹری ڈویژن نے مل کر صوبہ سندھ سمیت پورے پاکستان کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس مہم میں رسمی طور پر نہیں بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی نگہداشت بھی کریں کیونکہ ہمارا جینا شجرکاری سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات سندھ نے میرپور خاص ضلع میں 5000 جبکہ میرپور خاص ڈویژن میں 20000 پودے لگانے وتقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔