حیدر آباد، برساتی پانی کی عدم نکاسی کیخلاف پریس کلب پر احتجاج

144

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گوٹھ بڈھو پالاری قاسم آباد کے رہائشیوں نے میونسپل کمیٹی قاسم آباد اور واسا کی جانب سے برساتی پانی کی عدم نکاسی کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ شرکا نے چیئرمین میونسپل کمیٹی قاسم آباد کاشف شورو اور ڈی جی واسا سمیت دیگر افسران کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر عجب گل پالاری، مرتضی پالاری، علی نواز پالاری ودیگر نے کہا کہ گوٹھ بڈھو پالاری میں گندے پانی کی نکاسی کے لیے دو سال قبل ایک اسکیم شروع کی گئی جو کہ آج تک مکمل نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے حالیہ برسات میں گوٹھ میں تاحال پانی کھڑا ہے اور اس کی نکاسی کے لیے میونسپل کمیٹی قاسم آباد اور ایچ ڈی اے واسا نے کوئی اقدام نہیں کیا، جس کی وجہ سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدر آباد، اے سی قاسم آباد اور چیئرمین میونسپل کمیٹی قاسم آباد سے مطالبہ کیا کہ گوٹھ بڈھو پالاری سے فی الفور گندے پانی کی نکاسی کا انتظام کرکے رہائشیوں کو مشکلات سے نجات دلائیں۔