حیدرآباد،25 دن گزر گئے،برساتی پانی کی عدم نکاسی کیخلاف احتجاج

144

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) 25دن گزر جانے کے باوجود برساتی پانی کی عدم نکاسی کے خلاف بچوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہاکہ 25دن گزر جانے کے باوجود حالی‘ لطیف آباد‘ تعلقہ سٹی کے علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے گندگی اور کیچڑ نے گھروں سے نکلنا مشکل کردیا ہے جن سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں ۔اس موقع پر حالی روڈ کے کونسلر عمران آرائیں ودیگر نے بتایا کہ باقاعدہ ایجنٹوں کے ذریعے سیوریج لائن صاف کرنے والی سرکاری مشینری پیسوں کے عوض فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے حالی روڈ اور لطیف آباد کے مختلف علاقے پانی کا جوہڑ بنے ہوئے ہیں مسلسل گندگی او ر پانی جمع رہنے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ عمران آرائیں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے رین ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ ایکسیئن سی این واسا چند روپے اور اپنے ذاتی مفاد کی خاطر عوام کو تکلیف میں مبتلا کیے ہوئے ہیں ایسے عناصر کو فی الفور معطل کیاجائے اور نیب کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر شہر کے مختلف علاقوں سے سیوریج اور برساتی پانی نکالا جائے جبکہ صفائی ستھرائی کا انتظام کرکے لوگوں کو بیماریوں سے بچایاجائے۔