پاک روس مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس

290

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور روس کی مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی کا دوسرا دور روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر) اکرام الحق جبکہ روسی وفد کی قیادت ڈپٹی ڈیفنس منسٹر کرنل جنرل الیگزنڈر وی فومن کر رہے تھے۔ ابتدائی سیشن سے قبل دونوں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف بین الاقوامی معاملات پر یکساں مؤقف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے موقع پر علاقائی سلامتی کی صورتحال کے علاوہ فوجی تربیت، مشترکہ مشقوں، انٹیلی جنس تعاون اور دفاعی صنعتی پیداوار سے متعلق امور سمیت باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کی نشاندہی پر بھی بات چیت کی گئی۔ فریقین نے اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ ملٹری مشاورتی کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ کمیٹی کا تیسرا اجلاس 2020ء میں پاکستان میں ہوگا۔