بھارت نے حملہ کیا تو پوری ریاست کو قبرستان بنادینگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

236

اسلام آباد (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ بھارت آزاد کشمیر پر کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے، بھارت نے اگر ایسی حماقت کی تو پوری ریاست کو بھارت کا قبرستان بنادیں گے، مودی سرکار کو بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی اس بات پر دھیان دینا چاہیے کہ آزاد کشمیر پر حملے کی کبھی غلطی نہ کرنا کیونکہ ایسی صورت میں بھارت کا کوئی فوجی اس علاقے سے زندہ واپس نہیں آئے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کشمیر ہائوس اسلام آباد قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ بھارت کے جنونی حکمرانوں کی جنونیت سے جنم لینے والے انسانی المیے پر کیا اقدامات اٹھاتی ہے؟ اور خطے میں جنگ اور تباہی کے منڈلاتے خطرات کو کم کرنے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کرتی ہے؟۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ سلامتی کونسل پاکستان، جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے کسی درخواست کا انتظار کیے بغیر اپنے طور پر اقوام متحدہ کے چارٹرز دفعہ 1، 33، 34، 35، 36، 41 اور 42 کے تحت فوری اقدامات کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو لاحق سنگین خطرات کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ کوئی انوکھا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں بلکہ سلامتی کونسل اس سے قبل بھی مالی، سوڈان اور وسط افریقہ کے کئی ممالک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کے اقدامات کر چکی ہے۔