پارلیمنٹ کی مضبوطی کا کریڈٹ جنرل باجوہ کو جاتا ہے،فردوس عاشق

301
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان پریس کانفرنس کررہی ہیں
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان پریس کانفرنس کررہی ہیں

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔ان کے بقول آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع حکومتی پالیسی کا تسلسل برقرارکھنے کے لیے کی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایاکہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈا پر غور کیاگیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے نیب قوانین پر نظرثانی کی منظوری دے دی ہے ۔ فردوس عاشق اعوان کے مطابق نیب کی وجہ سے کاروباری افراد ڈرے ہوئے ہیں، اور وہ کاروباری سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے رہے، حکومت بزنس فرینڈلی ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاک ترک اقتصادی فریم ورک اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق ترامیم کی بھی منظوری دی۔وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کی تصحیح اور اس سلسلے میں شکایات کے ازالے کے نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں کابینہ نے گھریلو تشدد سے متعلق بل کی اصولی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کا کہنا تھا کہ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے لیے5ارب قرض کی بھی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ مسیحی تعلیمات اور روایات کے مطابق کرسچین میرج اینڈ ڈائیوورس بل لایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والے ٹیلی فونک رابطے پر بھی اعتماد میں لیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو حکومت کے چیلنجز کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ دیوالیہ معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے، گزشتہ برس استحکامِ پاکستان کے لیے تھا، آئندہ برس تعمیر پاکستان کے لیے ہے۔