بھارت کشمیریوں کو بھوک سے مارنا چاہتا ہے، مشعال ملک

1291

لاہور: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بھارتی فوج لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کی چیخیں سنواتی ہے۔ بھارت کشمیریوں کو بھوک سے مارنا چاہتا ہے، بھارتی حکومت کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔

کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی اپنے مظلو کشمیری بھائیوں کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 16 ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں اور دنیا خاموش تماشائی کا کردار اد کررہی ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کا کہنا ہے کہ مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔