جج ارشد ملک کی وجہ سے ایماندار ججز کے سر شرم سے جھک گئے، چیف جسٹس

321

چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ جج ارشد ملک کی وجہ سے ایماندار ججز کے سر شرم سے جھک گئے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو سے متعلق اسکینڈل کے حوالے سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان اور ڈی جی ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی حکم کے مطابق ایف آئی اے نے تفتیشی رپورٹ پیش کردی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جج ارشد ملک کی وجہ سے ایماندار ججز کے سر شرم سے جھک گئے، کیا جج ایسا ہوتا ہے کہ سزا دینے کے بعد مجرم کے گھر جائے؟ جو ایک بار ہوا وہ دوبارہ بھی بلیک میل ہو سکتا ہے، عدلیہ کی سطح پر ہم ان حالات کا جائزہ لیں گے، کسی نے تو یہ سارے پہلو دیکھنا ہیں، جس کے تعلقات ہیں اسے خاص طور پر احتساب عدالت میں لگوایا گیا، درخواست دے کر مقدمات ارشد ملک کو منتقل کرائے گئے، لاہور ہائی کورٹ ارشد ملک کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے، جج ارشد ملک کو یہاں رکھ کر حکومتی تحفظ دیا جارہا ہے، ویڈیو جب تک ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہوگی اس کا کوئی فائدہ نہیں۔