داعش کی سرگرمیوں کا سرپرست بھی عالمی استعمال رہی ہے،لیاقت بلوچ

144

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ داعش کی سرگرمیوں کا سرپرست بھی عالمی استعمار ہی ہے ، اصل کام دہشت گردی ، ردعمل اور شدت پیدا کرنا ہے جس سے شیطانی ایجنڈے کے نفاذ کی راہ ہموار کرتے ہیں ۔ امن دشمن قوتیں افغانستان اور پاکستان میں امن و استحکام اور تعلقات کی مضبوطی کی دشمن ہیں ۔ افغان عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی آزاد مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان سے آئے ہوئے حجاج کرام کے وفدسے مکہ مکرمہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں وہ افراد شامل تھے جو پاکستان میں مدارس ، جامعات او ر میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم رہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے اس موقع پر کابل شادی ہال میں دہشت گردی کے المناک واقعے میں 83 افراد کی ہلاکت اور 2 سو سے زائد کے زخمی ہونے پر تعزیت کی اور واقعے کی شدید مذمت کی۔ لیاقت بلوچ کو افغان وفد نے کہاکہ افغان عوام افغانستان میں امریکی شرائط پر آزادی کی جدوجہد ترک نہیں کریں گے ۔ امریکا شکست تسلیم کر چکاہے لیکن باعزت واپسی کے لیے نئی سازشیں کر رہاہے ۔ پاکستان امریکی چال کا شکار نہ ہو ایسا عمل سب کے لیے بڑا خطرناک ہوگا ۔دہشت گردی کے خوفناک واقعات افغان عوام ، طالبان اور کابل حکومت میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہیں لیکن افغان عوام ان حرکات و سازشوں کو پہچانتے ہیں ۔ افغان عوام اپنی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ افغانستان میں کامیابی سے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل نکلے گا ۔ افغانستان کے عوام میں پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانا امریکا اور بھارت کا مشترکہ منصوبہ ہے ۔ افغان عوام کو احساس ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی آزادی کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں، نفرتیں عارضی ہیں اور لازوال محبتیں ہمیشہ قائم رہیں گی ۔
لیاقت بلوچ