شرجیل خان نے قوم سے غیر مشروط معافی مانگ لی

186

لاہور(جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور شرجیل خان کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی، شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی کا روڈ میپ ترتیب دیا گیا، پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر شرجیل خان کو ڈھائی سال پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا،ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ شرجیل خان رواں سال کے اختتام سے قبل پی سی بی سکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کیے گئے ری ہیب پروگرام پر عمل کریں گے،ری ہیب پروگرام کے مطابق شرجیل خان کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق لیکچر میں شرکت کرنا ہوگی، علاوہ ازیں شرجیل خان کو سوشل سروس کے طور پر یتیم خانہ کا دورہ اور پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچربھی دینا ہوگا، ری ہیب پروگرام کے مطابق شرجیل خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کیساتھ بھی ایک نشست رکھنا لازمی ہوگا،اس موقع پر شرجیل خان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنی ٹیم، شائقین کرکٹ اور اپنے اہل خانہ سے غیرمشروط معافی مانگتا ہوں، میرے ایک غیرذمہ دارانہ عمل کے باعث انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، شرجیل خان نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کروں گا، انہوں نے کہاکہ میں تمام کرکٹرز کو باخبر کرنا چاہتا ہوں کہ وہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی پیروی کریں کیونکہ اس کی خلاف ورزی آپ کو صرف وقتی فائدہ دے گی مگر اس کے نتائج پورے کیریئر پر اثرانداز ہوتیں ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پی سی بی کی جانب سے تیار کردہ ری ہیب پروگرام پر مکمل عمل کروں گا، میں جلد کلب کرکٹ کا آغاز کروں گاتاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے لیے مجھے اپنی فٹنس میں بہتری درکار ہوگی، ڈائریکٹر پی سی بی سکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن لیفٹیننٹ کرنل( ر)آصف محمود کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شرجیل خان نے اپنے کیے پر شرمندگی اور ندامت کا اظہار کیا ہے، پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو سزا سنانے پر کبھی فخر محسوس نہیں کرتا تاہم کرپشن پر پی سی بی کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ آصف محمودنے کہاکہ مجھے امید ہے کہ یہ واقعہ سب کی آگاہی کے لیے کافی ہوگا کہ پی سی بی کرپشن پر کوئی نرمی نہیں برتے گا۔