آئل ٹینکر پر قبضے کی کوشش پر ایران کی امریکا کو دھمکی

218
جبل طارق: روانگی سے قبل تیل بردار جہاز کا نام تبدیل کیا جارہا ہے‘ ایرانی پرچم بھی لہرایا گیا ہے
جبل طارق: روانگی سے قبل تیل بردار جہاز کا نام تبدیل کیا جارہا ہے‘ ایرانی پرچم بھی لہرایا گیا ہے

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے امریکا کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے ایرانی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لینے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ گریس وَن نامی اس آئل ٹینکر کو 6 ہفتے قبل جبل طارق کے قریب برطانوی رائل نیوی نے اپنی تحویل میں لیا تھا، اور ایک طویل سفارتی تنازع اور جبل طارق کی ایک عدالت کے فیصلے کے بعد اس آئل ٹینکر کو اتوار کی شب روانگی کی اجازت دی گئی، جس پر یہ جہاز پیر کی صبح اپنی منزل کو روانہ ہوگیا۔ امریکی محکمہ انصاف نے جمعہ کے روز اس آئل ٹینکر کو تحویل میں لینے کے لیے وارنٹ جاری کیے تھے۔ اس پر پیر کے روز ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران امریکی حکام کو ان کے سفارتی ذرائع کے ذریعے ضروری انتباہ دے چکا ہے کہ امریکا اس طرح کی کوئی غلطی نہ کرے، کیوں کہ اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت یہ جہاز یونانی ساحلی علاقے کالاماتا کی طرف محو سفر ہے۔عباس موسوی نے مزید کہا کہ ایران برطانیہ کے ایک تیل بردار جہاز کو چھوڑنے کے لیے عدالتی حکم کا منتظر ہے۔ یاد رہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے گزشتہ ماہ برطانیہ کے پرچم والے تیل بردار جہاز کو آبنائے ہرمز کے نزدیک پکڑ لیا تھا اور تب سے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔ دوسری جانب عراقی صدر برہم صالح نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرے۔ عراقی ذرائع کے مطابق صدر صالح نے پہلے ایرانی سفیر ایرج مسجدی اور اس کے بعد امریکی سفیر میتھیو ٹولر سے ملاقات کی۔ عراقی صدر اور ایرانی سفیر کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف شعبوں میں فروغ پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں کشیدگی کم ہونے کی ضرورت ہے۔امریکی سفیر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔