ٹرمپ کی توپوں کا رخ نیویارک ٹائمز کی طرف ہوگیا

145

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تنقیدی توپ کا رخ مقامی اخبار نیویارک ٹائمز کی جانب کرلیا ہے۔ اس بار انہوں نے اخبار پر غیر منصفانہ کوریج کے ذریعے نسل پرستی کا رجحان بھڑکانے کا الزام عائد کیا ہے۔ اتوار کے روز ٹرمپ نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں لکھا کہ ناکامی سے دوچار نیویارک ٹائمز سب سے زیادہ خرابی پیدا کرنے والے اخبارات میں سے ہے اور یہ تاریخ میں بدترین صحافت کا ایک نمونہ ثابت ہو رہا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس اخبار کی افشا معلومات نے انکشاف کیا ہے کہ یہ روس کی ساز باز کی جھوٹی کہانی سے منتقل ہو کر اب جادوگروں کے نسل پرستی پر مبنی تعاقب کی جانب جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے روسی ساز باز کے معاملے کو جادوگروں کے تعاقب کا نام دیا تھا۔ ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز کے متعلق کہا کہ یہ اخبار ہماری ملکی تاریخ میں گراوٹ کی ایک نئی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ یہ ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے کام کرنے والی ایک شر انگیز پروپیگنڈا مشین سے زیادہ کچھ نہیں۔ اس کی رپورٹس بے بنیاد، جانب دار اور شرانگیز ہیں۔ یہاں تک کہ اب یہ نہایت شرم ناک مذاق کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ عوام اس امر سے واقف ہیں۔ اس کے بعد ایک ٹوئٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ میری انتظامیہ کی تمام تر کامیابیوں کے ساتھ آپ یہ سوچیے کہ اگر ہمارے ہاں شفاف میڈیا ہوتا، تو پھر میرے بارے میں سروے رپورٹ کا نتیجہ کیا ہوتا، مگر ایسا میڈیا مفقود ہے۔ گزشتہ ہفتے نیویارک ٹائمز نے اپنی منگل کی اشاعت میں پہلے صفحے پر شہ سرخی کو تبدیل کیا تھا، جس پر ٹرمپ نالاں ہیں۔