ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، چیئرمین نیب

301

اسلام آباد( آن لائن ) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ نیب احتساب سب کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے بلا امتیاز احتساب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ نیب نے آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ پر مشتمل سہ جہتی پالیسی اختیار کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 326 ارب روپے وصول کیے ہیں، 2018ء میں 30ارب روپے وصول کیے ۔ 2019 ء میں ریکور کی گئی رقم 2018کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1249مقدمات دائر کیے ہیں ۔ نیب کو 2018ء کے مقابلے میں 2019ء میں زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے جدید فرانزک لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلڈاٹ، مشال پاکستان، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور عالمی اقتصادی فورم جیسے قومی اور عالمی اداروں نے نیب کی تعریف کی ہے۔ چیئرمین نیب نے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ تمام شکایات، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز قانون کے مطابق مقررہ عرصے کے دوران نمٹائی جائیں تاہم اگر مقررہ وقت میں توسیع کی ضرورت ہو تو مجاز حکام سے منظوری حاصل کی جائے۔