انسپکشن کے لیے ماڈرن اسیکنرز استعمال کیے جائیں ، مرزا اختیار بیگ

149

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (FPCCI) میں ’’تجارت کے فروغ میں اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے کردار‘‘ پر ایک سیمینار جس کا انعقاد آل پاکستان کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے کیا تھا، میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ کی جانے والی اشیاء پورٹس اور ایئرپورٹس پر انسپکشن کے دوران خراب ہوجاتی ہیں اور انسپکشن کارروائی کی وجہ سے شپمنٹ میں بھی تاخیر ہوجاتی ہے۔ ڈاکٹر بیگ نے تجویز دی کہ ہمیں بھی انسپکشن کیلئے دیگر ممالک کی طرح ماڈرن اور ہائی ٹیک اسیکنرز استعمال کرنے چاہئیں جس سے کم وقت میں بغیر اشیاء کو نقصان پہنچائے انسپکشن کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر بیگ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کی صرف 3100 اہلکاروں کی ورک فورس کی کارکردگی اور بیرونی ممالک کے ڈرگ ایجنسی کے ساتھ تعاون کو سراہا ۔ ڈاکٹر بیگ نے اے این ایف کے فورس کمانڈر منصور احمد جنجوعہ کی تعلیمی اداروں میں نوجوان نسل میں منشیات پھیلنے کی لت کے بارے میں بتایا جو ہماری نوجوان نسل کو تباہ و برباد کررہی ہے۔ ڈاکٹر بیگ نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 15 سے 64 سال کی عمر کے 8 لاکھ سے زائد منشیات کے نشہ آور پائے جاتے ہیں۔ اے این ایف کے کمانڈر نے اپنی پریذنٹیشن میں بتایا کہ ANF دو فیصد سے بھی کم ملک سے باہر اور ملک میں آنے والے کنٹینرز کی انسپکشن کرتی ہے اور کارگو کو کنٹینرسے نکالنا اور دوبارہ کنٹینر میں ڈالنے کا کام پورٹ پر کام کرنے والی کمپنیوں کے ورکرز کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پریذنٹیشن میں ویڈیو کے ذریعے بتایا کہ کس طرح سے اسمگلرز جدید طریقوں سے منشیات کو پاکستان کے باہر اسمگل کرتے ہیں جو پاکستان کا بیرون ملک نام خراب کررہا ہے۔ بریگیڈیئر منصور نے بتایا کہ وہ جلد ہی اسکول اور کالجوں میں طلباء کو ڈرگ مافیا سے دور رہنے کیلئے ایک مہم شروع کررہے ہیں تاکہ تعلیمی اداروں میں ڈرگ مافیا کو ختم یا کم کیا جاسکے۔ ایس ایم منیر نے لیاری میں اے این ایف کے تحت چلنے والے بحالی مرکز اور اس کو بنانے میں فیڈریشن کے بزنس لیڈرز کے مالی تعاون کے بارے میں فورس کمانڈر کو بتایا۔ منشیات پر سیمینار میں زبیر طفیل، نائب صدور ارشد جمال، نور خان، مسلم محمدی، عبدالسمیع، مظہر اے ناصر، سینیٹر حسیب خان، شکیل ڈھینگرا اور آل پاکستان کسٹم ایجنٹس کے ممبران نے شرکت کی۔